اولمپک گیمز میں شاندار کارکردگی دکھائونگا، ارشد ندیم

395

کراچی(اسٹاف رپورٹر):انٹرنیشنل ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میری کوشش ہوگی کہ اولمپک گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں اور عوام کی دعائیں میرے ساتھ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل امام رضا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ا یران روانگی سے قبل سرکاری خبر رسا ں ادا رے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں اور اس سے کھیلوں اور کھلاڑیوں کی تربیت میں بہت نقصان ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ میں کورونا وائرس کے باعث بھی اپنی تربیت جاری رکھوں لیکن میں اتنی تربیت نہیں کر سکا جس طرح عام دنوں میں کی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کی ہر مکمن کوشش رہی ہے کہ وہ مجھے تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور میں فیڈریشن سے ملنے والی سہولیات پرپاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل امام رضا کپ آج سے مشہد، ایران میں کھیلا جائے گا جس میں ایشیائی ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور ارشد ندیم ٹورنامنٹ کے جیولین تھرو کے ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ارشد ندیم کے ہمراہ ان کے کوچ فیاض بخاری بھی ہیں، ارشد ندیم ایران سے13اپریل کو ترکی روانہ ہونگے اور وہاں پر اولمپک گیمز کی تیاری کے سلسلے 3 ہفتے تک قازقستانی کوچ کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔