کراچی: زہریلی چیزکھانے سے 3 بچے جاں بحق، ماں کی حالت خراب

341

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی ماں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں خاتون اور 3 بچوں کی اموات کوئی زہریلی چیز کھانے سے  پیش آئی ہے  جبکہ نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ جب انھیں ایمبولینس میں اسپتال لایا گیا تو بچے مردہ حالت میں تھے جبکہ خاتوں کی حالت غیر تھی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ جاں بحق بچوں کی شناخت ارشان، میشال اور زیدان کے ناموں سے ہوئی ہے اور اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں میں 2 لڑکے اور ایک لڑکی تھی جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ  بچوں کی والدہ کا نام نورین عمران ہے اور متاثرہ خاندان گلستان جوہر بلاک 19 کا رہائشی ہے۔

اسپتال انتظامیہ  کا کہنا ہےکہ خاتون نورین کی حالت تشویش ناک ہے  اور جب خاتون کو لایا گیا تھا تو ان کی سانسیں چل رہی تھیں جبکہ پولیس کا کہناتھا کہ 4 سے 7 سال کی عمر کے تینوں بچوں کا اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال ہو گیا تھا۔

دوسری جانب تفتیشی پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کے گھر کا پتا بھی خاتون ہی نے خود بتایا ہے جس کے بعد ایک ٹیم فوری طور پر وہاں بھیجی گئی ہے تاکہ اصل معاملہ واضح ہوسکے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے رشتہ داروں کے مطابق خاتون نے مچھر مار دوا چھڑکی تھی ، مچھر مار دوا کے باعث بچوں کی حالت خراب ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی نے بتایا ہےکہ واقعہ فوڈ پوائزننگ کا معلوم ہوتا ہے اور  بلاک 19 میں واقع خاتون کے فلیٹ میں اینٹی سیپٹک اسپرے کیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق بچوں کے رشتہ دار اس معاملے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

واضح رہے کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 میں گھر میں اینٹی سیپٹیک اسپرے کے بعد  کوئی زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے ہلاک جبکہ خاتون کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔