این سی او سی اجلاس میں موجودہ پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ

361

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے عائد پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کرلیا۔

این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، پابندیوں اور ویکسین سے متعلق جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان کے دوران پابندیوں سے متعلق اجلاس 12 اپریل کو ہوگا جب کہ عائد پابندیوں کی تاریخ میں 13 اپریل تک کی توسیع کردی گئی۔

اجلاس میں رمضان میں ویکسی نیشن پلان سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اپریل کے وسط تک ویکسین کافی مقدار میں پہنچ جائے گی۔

ملک میں جہاں کورونا کیسز کی شرح 8 فیصد یا اس زائد ہے وہاں ایمرجنسی کے سوا نقل و حرکت پر سخت پابندی، ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں ہر قسم کی ان ڈور ڈائننگ پر پابندی، مذہبی و سیاسی اجتماعات پر مکمل جب کہ شادی بیاہ کی تقریبات کے ان ڈور انعقاد پر پابندی ہے۔ 300 افراد تک آئوٹ ڈور شادی تقریبات کی رات 10 بجے تک اجازت ہے، ان تقریبات کا دورانیہ صرف 2 گھنٹے ہوگا۔

کھیلوں اور سماجی تقریبات پر مکمل پابندی، سنیما، مزارات اور پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے جب کہ واکنگ اور جاگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہے۔