محمد حفیظ آج ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سنچری مکمل کریں گے

399

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان اور جنوبی افریقاکے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا،4 میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں،40سالہ کرکٹر اگر قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا، اس سے قبل صرف شعیب ملک ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرپائے ہیں، وہ 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں،اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما (111میچز) کا دوسرا، انگلینڈ کے ائن مورگن ، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور روز ٹیلر (102میچز) کا تیسرا نمبر ہے۔ محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا، جہاں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھاجہاں آج ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2335 رنز بناچکے ہیں۔ محمد حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے اب تک آئی سی سی کی جانب سے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد کیا جاچکا ہے، ان 6میں سے 5 مواقع ایسے تھے کہ جہاں محمد حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کی،وہ صرف 2009 میں منعقدہ ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔