حکومت مارکیٹوں سے متعلق کراچی چیمبر کو اعتماد میں لے ،محمود حامد

109

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورو نا وبا کے دوران مارکیٹوں کی بندش اور تاجروں سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل کراچی چیمبر کو اعتماد میں لے۔ ہفتے میں 2 دن تعطیل کا فیصلہ معیشت دشمن فیصلہ ہے اسے تبدیل کیاجائے ۔ وہ لیاقت آباد میں اسمال ٹریڈرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے اسمال ٹریڈرز کے نائب صدر جاوید حاجی عبداللہ، جنرل سیکرٹری عثمان شریف ،جوائنٹ سیکرٹری بابر خان بنگش نے بھی خطاب کیا ۔ محمود حامد نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کے فیصلے پرمکمل طور پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے اور شہر کی بہت سی مارکیٹیں پولیس کی ملی بھگت کے نتیجے میں دیر تک کھول کر ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔ محمود حامد نے مطالبہ کیا کہ رمضان کے دوران مارکیٹں 2بجے شب تک کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ کورونا وائرس ہمارے لیے ایک چیلنج ہے اس مسئلے پر سیاست کرنا شرمناک عمل ہے یہ ایسی وبا ہے جس کا تاجر ،عوام اور حکومت کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام معاملات میں حکومت کراچی چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے۔