رمضان نزول قرآن ، صبر اور ضبط نفس کا مہینہ ہے، حافظ ادریس

136

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور قرآن کا مہینہ ہے۔ عاقبت نااندیشوں نے چند روپوں کے بدلے عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ مافیاز نے آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت کر کے لوگوں پر مہنگائی کا ایک عذاب برپا کر رکھا ہے۔ ان کو جان لینا چاہیے کہ غریب کا چولہا بند کرنے سے ہوس اور پیٹ کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو گی۔ عوام رمضان المبارک میں بھلائی اور خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کوئی غریب آدمی سحر و افطار سے محروم نہ رہے۔ رمضان میں اجروثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ نفل کا درجہ فرض میں بدل جاتا ہے اور فرائض کا اجر70 گنا بڑھ جاتا ہے۔رمضان صبر اور ضبط نفس کا مہینہ ہے۔ مسلمان قرآن سے لگائو اختیار کریں تاکہ دنیا و آخرت میں ان کی کامیابی ممکن ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں ہر مسلمان قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھے اور سمجھے تاکہ اس کی زندگی میں تبدیلی نظر آئے۔ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے، اپنے رب کو راضی کرنے کا مہینہ ہے۔ اب بندے کے پاس وقت ہے کہ وہ اپنے اللہ کو راضی کر لے اور جنت کا حق دار بن جائے۔