این اے 249 کے تمام پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار

408

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی پولنگ اسکیم جاری کردی، حلقے کے تمام 276 پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر نے بتایا کہ پولنگ اسکیم تیار کرلی گئی ہے اور انتخابی عملے کے چنائو کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے، 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کیلیے 276 پولنگ اسٹیشنز میں سے93 حساس اور 183 انتہائی حساس ہیں، حلقے کا ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز میں 796 پولنگ بوتھ ہوں گے، مردوں کیلیے 458، خواتین کے بوتھ کی تعداد 338 ہوگی اور حلقے کے ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 591 ہے، 2 لاکھ 1 ہزار 656 مرد اور 1 لاکھ 37 ہزار 935 خواتین ووٹرز ہیں۔ ضمنی انتخاب کیلیے 2144 عملے کا چنائو کیا گیا ہے، 276 پریذائیڈنگ اور 796 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران ہوں گے، پولنگ افسران کی تعداد بھی 796 ہوگی، تمام پولنگ اسٹیشنز پر 276 نائب قاصد تعینات کیے جائیں گے۔