بجٹ سیشن 4 تا 30 جون ہوگا، تیاری اہم مرحلے میں داخل

276

اسلام آباد (صباح نیوز) قومی بجٹ 2021-22ء کی تیاری اہم مرحلے میں داخل ہوگئی، بجٹ سیشن 4 جون 2021ء کو ہوگا جو 30 جون تک جاری رہے گا۔ اپوزیشن میں انتشار کے باعث حکومت کو ایوان میں اپوزیشن کے سخت دباؤ کا سامنا نہیں ہو گا۔ عوامی ریلیف اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں غیرمعمولی اضافے کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بجٹ اجلاس کیلیے تمام وزارتوں، محکموں اور ڈویژنوں نے اپنی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دیدی ہے، متعلقہ فورمز سے منظوری کا مرحلہ باقی ہے۔ دفاع، داخلہ، صحت، تعلیم، سماجی شعبے کی بڑھتی ہوئی ضروریات اہم ہوںگی۔ مختلف مجالس قائمہ میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم میں دراڑ آ چکی ہے، اپوزیشن جماعتوں میں انتشار کا فائدہ حکومت کو ہوگا، بجٹ سیشن میں بھی اپوزیشن میں ہم آہنگی کے فقدان کا امکان ہے۔ فنانس بل کے بارے میں سینیٹ کی سفارشات اہم ہوں گی کیونکہ ایک بار پھر ایوان بالا میں اپوزیشن کو اکثریت حاصل ہے۔ بجٹ کیلیے باقاعدہ بحث کے ایام مقرر کیے جائیں گے۔ سرکاری ملازمین وفاق اور صوبوں میں اپنے حقوق اور بنیادی اسکیل پر غیر معمولی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر خود کو منظم کر رہے ہیں۔ ہڑتالوں، تحریکوں، دھرنوں اور مظاہروں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ حکومت کو اس محاذ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔