جماعت اسلامی کاحقوق کراچی کیلیےرمضان میں 11 جلسے کرنے کا فیصلہ

464

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم 35سال سے عوام کے وسائل لوٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی بھی ناکام ہو گئی ہے،کراچی اب خاموش نہیں رہے گا بلکہ بولے گا اور حکمرانوں سے اپنا حق حاصل کر کے رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمن  کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کی جانب سے شہر قائد کے گھمبیر مسائل کے حل اور تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز حقوق کے لیے جاری ”حقوق کراچی تحریک“ کا جائزہ لیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدرات اجلاس میں حقوق کراچی تحریک  کے لیے آئندہ کی حکمت عملی و سرگرمیوں اور عید الفطر کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر مجوزہ دھرنے کامتعدد آراء کی روشنی میں جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے و اقدامات تجویز کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ”حقوق کراچی تحریک“ کو مزید تیز کیا جائے گا اور رمضان المبارک میں شہر بھر میں  ہر ضلع کے تحت 11بڑے احتجاجی جلسے کیے جائیں گے  اور دیگر دعوتی سرگرمیاں بھی عوامی مسائل کے حل اور اہل کراچی کے حقوق کے حوالے سے منعقدکی جائیں گی،گورنر ہاؤس کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر بھی اہل کراچی کا مقدمہ لڑا جائے گا۔

 امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اہل کراچی حکمران پارٹیوں، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مایوس ہو چکے ہیں، عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا، مسائل کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان پارٹیوں اور حکومتوں سے عوام کو کوئی اُمید اور توقع نہیں کیونکہ حکمران پارٹیاں اعلانات اور دعوؤں سے آگے کچھ کرنے کے لیے عملاً تیار نہیں ہیں۔