این اے 249‘ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری، انتخابی نشان الاٹ

92

کراچی (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 کے ضمنی انتخاب کیلیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی، انتخابی نشان بھی الاٹ کردیے گئے جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سید عبدالرحیم آرائیں نے پی ٹی آئی کے امیدوار امجد اقبال آفریدی، ارکان قومی اسمبلی مراد سعید، آفتاب جہانگیر، شہریار آفریدی، پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، رکن سندھ اسمبلی لیاقت علی آسکانی کو علیحدہ علیحدہ نوٹس جاری کردیے ہیں اور ارکان اسمبلی کو متنبہ کیا ہے کہ انتخابی سرگرمیوںسے باز رہیں، شوکاز نوٹس کی وصولی کے بعد مذکورہ بالا اراکین اسمبلی کو 3 روز کے اندر اپنی حیثیت کی وضاحت کا پابند کیا گیا ہے بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر اور ریٹرننگ افسر سجاد خٹک نے امیدواروں کی فہرست کے مطابق امجد اقبال آفریدی (تحریک انصاف)، حافظ محمد مرسلین (ایم کیو ایم پاکستان)، سید مصطفی کمال (پاک سرزمین پارٹی)، قادر خان مندوخیل (پیپلز پارٹی)، مفتاح اسماعیل مسلم لیگ(ن)، نظیر احمد (تحریک لبیک)، حضرت عمر (پاک مسلم الائنس)، خالد صدیقی (پاسبان)، رحمت اللہ خان (عام لوگ اتحاد)، محمد اشرف (پاکستان مسلم لیگ جے)، محمد طارق (پاکستان راہ حق پارٹی)، محمد ولی (پاکستان فلاح پارٹی) جبکہ آزاد امیدواروں میں احمد، ریحان منصور، زنیرہ رحمان، سید حفیظ الرحمن، سید شاکر علی، سید محمد عشرت غزالی، سید معصوم علی شاہ، شبیر احمد، طارق محمود، لیلیٰ پروین اقبال، محمد ارشد قریشی، محمد اسماعیل، محمد طارق، محمد عظیم اختر قادری، محمد مسعود خان، محمد منصف جان، محمد یونس اور ہمایوں سلطان شامل ہیں۔