اسلامی انقلاب کی منزل بہت قریب ہے، راشد نسیم

186

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ دنیا کے تمام مصنوعی نظام مکمل طور پر فلاپ ہو گئے ہیں انسانیت کے دکھوں کا مداوا صرف قرآن کے نظام میں ہی پوشیدہ ہے ۔ اسلام کے انقلاب آفرین نظام سے دنیا میں تاریکی کے بادل چھٹ جائیں گے اور نیا سویرا طلوع ہوگا ۔ وہ الخدمت فائونڈیشن خواتین ونگ کے زیراہتمام استقبال رمضان تقریب سے آن لائن خطاب کر رہے تھے ۔راشد نسیم نے کہاکہ رمضان کا چاند نظر آتے ہی امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے ۔ معمولات زندگی بدل جاتے ہیں اور انفرادی و اجتماعی لحاظ سے معاشرے میں ایک خوشگوار تبدیلی رونما ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ جب لوگوں کو یہ محسوس ہونا شروع ہو جائے گا کہ قرآن و سنت کا نظام نافذ ہونے والا ہے تو ان کا مجموعی ردعمل کس قدر خیرہ کن ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری کائنات کو اللہ کی طرف سے انسانیت کو عطا کیے گئے نظام کی ضرورت ہے ۔ اگر قرآن و سنت پر مبنی نظام نافذ ہوگیا تو خواتین کو عزت و تکریم ملے گی ۔ معیشت میں بہتری آئے گی ۔ مزدوروں ، کسانوں کے مسائل حل ہوں گے ، نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے گا ۔ انصاف سستا اور فوری ملے گا اور طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں احتساب کا نظام ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی لوگوں کو قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے متحد کر رہی ہے ۔