خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

108

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی مزید توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔ جمعرات کو عدالتی سماعت پر خواجہ آصف کو تیرہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب کی طرف سے پراسیکیوٹر عاصم ممتاز عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس کیس مکمل ہونے کے آخری مراحل میں ہے جلد ریفرنس دائر کر دیں گے ۔ عدالت نے چیئرمین نیب اور دیگر مجاز حکام کو خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس جلد پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کے تبادلہ کے باعث کیس میں پیشرفت نہ ہوسکی۔ ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی اور انہیں دوبارہ 22 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔