سیاست میں باپ کا کردار پوشیدہ نہیں رہا، حافظ حسین احمد

122

کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی معاملات میں ’’باپ‘‘ کا کردار بظاہر پوشیدہ رکھا جاتا تھا لیکن اب پاکستانی سیاست میں ’’باپ‘‘ کا کردار پوشیدہ نہیں رہا،دراصل پی ڈی ایم میں انتشار کی اصل ذمے داری کا سہرا ان دو نا تجربہ کار موروثی بیٹے اور بیٹی کے ’’باپ‘‘ کے سر ہے۔ جمعرات کے روز کراچی اور جیکب آباد کے صحافیوں سے موجودہ سیاسی صورتحال پراپنے مخصوص انداز میں دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’باپ‘‘ تو بہانہ تھا لیکن پی ڈی ایم کا خاتمہ درحقیقت دو ’’باپوں‘‘ کے مختلف بیانیہ اور مفادات کی وجہ سے ہوا ہے، ’’باپ‘‘ اگر ’’مائی باپ‘‘ کے کہنے پر ووٹ نہ کرتا تو ’’باپ‘‘ کے ساتھ دو بیمار ’’باپوں‘‘ کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بن سکتا تھا،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ’’باپ‘‘ سے ووٹ لینے پر اعتراض کرنے والے خود ’’مائی باپ‘‘ سے اعلانیہ خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں، لندن والے بڑے میاں کے معاملہ میں بھی ایک ’’باپ‘‘ کا مسئلہ ہے جبکہ پاکستانی چھوٹے میاں پہلے ہی مسلسل رابطہ رکھ کر ’’مائی باپ‘‘ کو اپنا ’’باپ‘‘ تسلیم کرچکے ہیں۔