چینی مافیا کو قانونی طاقت سے لگام ڈالیں گے، فردوس عاشق

14

لاہور(آن لائن)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت چینی مافیا کا قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہے، حکومت قانون کی طاقت سے اس مافیا کو لگام ڈالے گی۔ پی ٹی آئی کا نعرہ احتساب ہے تو یہ نہیں ہوسکتا کہ دوسروں کا احتساب ہو اور اپنوں کا احتساب نہ ہو۔ وزیراعظم عمران خان نے قریب ترین ساتھیوں سے آغازکر کے یہ پیغام دے دیا ہے کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، جس پر انگلی اٹھے گی اس کو جواب دینا پڑے گا۔آج ڈی جی پی آر آفس میں معاون خصوصی وزیراعظم برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جہانگیرترین پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور ان کی پارٹی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔کسی کو قانونی اقدامات پر تحفظات ہیں تو عدالتی فورم موجود ہے۔جہانگیر ترین کا پی ٹی آئی کی سیاست سے کردارختم نہیں ہوا جو ارکان اسمبلی جہانگیر ترین کے ساتھ گئے ہیں وہ بھی قانون کی پاسداری کے لیے گئے تھے۔یہ بھی نئے پاکستان میں ہو رہا ہے پہلے ایسے نہیں ہوتا تھا۔شہلا رضا کے ٹوئٹ پر تردید آچکی ہے۔