اللہ نے جو ذمہ داریاں سونپی ہیں ہمیں اسکا شعور ہونا چاہیے،رخسانہ تنویر

206

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی ناظمہ رخسانہ تنویر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا استقبال اس طرح کریں کہ یہ ماہ مبارک ہماری نجات و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بن جائے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لطیف آباد کے مختلف مقامات پر استقبال رمضان کے اجتماعات اور یونٹ نمبر 8 لطیف آباد میں شہناز حمید کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات سے مہناز امیر، سعدیہ رضوان، اسما شیخ، سعیدہ مہر اور دیگر خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ رخسانہ تنویر نے کہا کہ اللہ نے مرد و عورت کو جو ذمہ داریاں سونپی ہیں ہمیں اسکا شعور و احساس ہونا چاہیے ،ہم زندگی میں دانستہ و نادانستہ کوتاہیاں کرتے ہیں، اللہ نے ہمیں ایک بار پھر موقع دیا ہے کہ ہم اپنے معاملات و معمولات کا جائزہ لیں ،رب العالمین کی رحمتوں، برکتوں، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ پھر سایہ فگن ہونے والا ہے اسکا استقبال کریں ہماری عبادات خالصتاّ رضائے الٰہی کے لیے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایک تحریکی بہن شہناز حمید نے کئی برس کینسر سے جنگ کی ہے ،انہوں نے اپنی آزمائش کو خندہ پیشانی سے رب کی رضا سمجھ کر گزارا اور صبر و استقامت کا پیکر بنی رہیں ،اللہ ان کی مغفرت، جنت الفردوس میں انہیں جگہ اور ان کے تمام لواحقین کو صبر عطا فرمائے آمین۔