فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی مہنگی کرنا عوام پر ظلم ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

59

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ حکومت مہنگائی کے ستائی عوام کو رمضان سے قبل ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 128 پی پی55، 154 میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن برائے استصواب گروپ لیڈرز قومی و صوبائی حلقہ جات میں شرکا سے خطاب
کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی ضلع لاہور چودھری ذوالفقار علی ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی شرقی لاہور ڈاکٹر محمود احمد، سیکرٹری شرقی لاہو رخبیب نذیر ،صدر سیاسی امور علاقہ شرقی لاہور زبیر صدیقی، امیر جماعت اسلامی پی پی 155 زاہد علی کھوکھر ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی پی پی 154عاصم صدیقی سمیت بڑی تعداد میں ارکان جماعت نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معیشت، کاروبار، روزگار ٹھپ ہے اور حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ جاتاہے، منافع خور سرگرم ہو جاتے ہیں جب کہ حکومت اور انتظامیہ کاغذی کاروائیوں اور بیانات تک محدود رہتی ہے۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے،عوام اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔