ملک کے غیر یقینی حالات نے عوام کو مایوس کردیا‘ جاوید قصوری

94

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے۔ تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایا۔موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بیرونی سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے دوسرے ممالک کارخ کررہے ہیں۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز مختلف
پروگراموں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 74 برس سے فرسودہ نظام نے ملک و قوم کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ چوروں ، ڈاکوئوں اور لٹیروں نے بے رحمی سے ملک و قوم کو لوٹا ہے۔ جو جتنا بڑا چور ہے ، وہ اتنا ہی بڑے عہدے پر فائز ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اقرباپروری کو پروان چڑھایا ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ ملک کی تقدیر کی مالک بن بیٹھی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔