پی ڈی ایم سے جدائی کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، میاں افتخار

170

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو توڑ دینے کے بعد اے این پی کے پاس راستہ جدا کرنیکے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ شوکاز نوٹس جاری کرنا دراصل پی ڈی ایم کو توڑنے کا فیصلہ تھا۔جب ایک فیصلہ کیا گیا تو ہمارے پاس بھی دوسرا راستہ نہیں تھا ۔ولی باغ چارسدہ میں پیپلزپارٹی
کے مرکزی سیکرٹری جنرل نئیر بخاری، سینیٹر شیری رحمان اور دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کامیابی کے ساتھ حکومت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لیے جاری تھی لیکن نان ایشو کو ایشو بنا کر اتحاد کو توڑ دیا گیا۔پی ڈی ایم ایک سیاسی اتحاد تھا اور اگر کسی کو کوئی شکایت تھی تو سربراہی اجلاس بلایا جاتا۔ نہ جانے انہیں کس چیز کی جلدی تھی کہ شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے۔ اے این پی نے اپنی 100سالہ تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ شوکاز نوٹسزجاری کرنا اور پھر عوام کو یہ تاثر دینا کہ ایک سیاسی جماعت جمہوری جدوجہد پر یقین نہیں رکھتی، زیادتی ہے۔ جب شکایتیں بڑھیں تو بھی کسی نے مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔