عوام کو باطل نظام کے محافظوں سے نجات دلائیں گے‘ ڈاکٹر خالد محمود

289

 

راولاکوٹ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے جو بھی طاقت آگے بڑھے گی کشمیری اس کا خیر مقدم کریں گے ، مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کی آڑ میں سخت ترین لاک ڈائون کے دوران قابض فوجیوں اور ہندو بلوائیوں کو حملوں کی کھلی چھوٹ دینے پرایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی
حقوق تنظیموں کی جانب سے تشویش کااظہار، عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔باطل نظام کے محافظوں کے مفادات فرسودہ نظام سے جڑے ہوئے ہیں۔جماعت اسلامی باطل نظام اور اس کے محافظوں سے قوم کو نجات دلانے کے لیے انتخابی میدان میں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے برسرپیکار ہے۔ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔جماعت اسلامی کے پاس صحت تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے بہترین لائحہ عمل موجود ہے۔ ملک میں بے پناہ وسائل موجود ہیں لیکن ان کا درست استعمال نہ ہونے کے باعث ہم پسماندہ ہیں اور جماعت اسلامی اس پسماندگی کو ختم کرنے کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو ہم عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔