مریض اور تیمار دار کورونا کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں،ڈاکٹر صدیق

67

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے تیمارداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے پیش نظر ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اسپتال انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ہم اسپتال میں آنے والے مریضوں کا بلارنگ ونسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر علاج کررہے ہیں۔ وہ داؤد گلوبل فاؤنڈیشن کے وفد سے بات چیت کررہے تھے، جس کی قیادت مس تارا عذرا داؤد کررہی تھیں۔ اس موقع پر گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے 42 وہیل چیئرز مریضوں کے لیے اسپتال انتظامیہ کے حوالے کی گئیں اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ان کے ہمراہ منصور حیدر، سلیم باز خان اور عماد صدیقی بھی موجود تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہا کہ سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مریض طبی معائنے اور علاج کے لیے آتے ہیں جنہیں نہ صرف طبی امداد دی جاتی ہے بلکہ ان کی ادویات اور پیتھالوجی ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں، جس کے بعد اب اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اسپتال انتظامیہ ہر مریض کو مکمل طبی امداد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات بھی اسپتال انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں کیونکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہی اداروں کو بہتر سے بہتر انداز میں چلایا جاسکتا ہے۔ یہ اسپتال عوام کی خدمت کے لیے بنائے گئے ہیں اور عوام کی بھی ذمے داری ہے کہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لیے سہولیات فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ہی عرصے میں اسپتال کے اندر علاج کے لیے جدید مشینری لائی گئی ہے، اس کے علاوہ جدید طرز علاج کا سلسلہ جاری ہے۔