حیدرآباد کو پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کیا،رفیق مگسی

158

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل کے ضلعی جنرل سیکرٹری رفیق مگسی نے کہا ہے کہ حیدرآباد کو پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملکر تباہ وبرباد کیا، سندھ کے دوسرے بڑے شہر سے سوتیلی ماں جیسا سلوک اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، سنی تحریک سمیت قوم پرست رہنماؤں وکارکنان نے مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ رفیق مگسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور MQM کے منتخب نمائندوں نے حیدرآباد کو مسائل کا گڑھ بنادیا ہے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر صاف پینے کے پانی کا مسئلہ، سیوریج کا نظام درہم برہم، صحت کا مسئلہ، ٹوٹے ہوئے روڈ، پورا حیدرآباد مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ حیدرآباد کے عوام اذیت سے گزر رہے ہیں، گندگی کی وجہ سے اکثر لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، بلدیہ کے نااہل کرپٹ افسران کی وجہ سے آج حیدرآباد کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ ادارہ ایچ ڈی اے کا ڈائریکٹر جنرل غلام محمدقائم خانی ایک نیب زدہ آفیسر ہے، انہوں نے ڈی جی کی پوسٹ سندھ حکومت سے ٹھیکے پر لی ہوئی ہے اور واسا کے ایم ڈی کا چارج بھی انہی موصوف کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد حیدرآباد ملبے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، تجاوزات کے نام پر بڑے پیمانے پر وصولی کی گئی جس میں براہ راست اسسٹنٹ کمشنر، مختارکار، تپیدار، بلدیہ کے افسران نے خوب پیسہ کمایا، عام شہریوں کو ڈرا دھمکا کر پیسہ بٹورا گیا اور خوب انتقام لیا گیا، جس میں شریف شہری بہت متاثر ہوئے۔ اعلیٰ عدلیہ سے گزارش ہے کہ ایسے راشی افسران کا احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار سے ریلیف کی امید تھی لیکن وہ بھی پوری ہوتی نظر نہیں آرہی۔ حکومت کا کسی ادارے پر کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی بھی حیسکو کی روش پر چل رہی ہے، کنکشن لگانے پر بھی رشوت میٹر لگانے پر بھی رشوت، آخر غریب عوام جائیں تو جائیں کہاں، ڈیمانڈ نوٹس پر بھی پیسے چار گناہ بڑھائے گئے، پی پی سرکاری اور تبدیلی سرکار دونوں ایک ہی گھاٹ کا پانی پی رہی ہیں۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ف کے ضلعی نائب صدر نیاز احمد ساند، خواتین کی صدر ماہجین میر جبکہ پی پی، ایم کیو ایم، مہاجر قومی موومنٹ، جسقم، پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں، کارکنان سمیت بڑی تعداد نے مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان کیا۔