حیدرآباد ،مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

251

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی نگرانی میں بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے چھوٹی گھٹی اور اطراف کے علاقوں میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں تجاوزات کو تحویل لے لیا، سرکاری اسکول پر دکانوں کی تعمیرات کا کام رکوا دیا گیا، تعمیراتی مٹریل تحویل میں لے لیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے غیرقانونی تجاوزات ختم کرانے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی نگرانی میں ضلع کے تمام تعلقوں میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن جاری ہے۔ تعلقہ سٹی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی مطاہر امین وٹو، مختارکار سٹی ابوبکر سدایو کی نگرانی میں بلدیہ عملے نے چھوٹی گھٹی اوراطراف میں بڑاانسدادتجاوزات آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں تجاوزات کو تحویل میں لے لیا، جبکہ درجنوں پختہ تھلوں، پتھاروں اور سڑک کے اطراف قائم تجاوزات کو مسمار کردیا۔ ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کے سرکاری لیاقت گرلز اسکول کی چاردیواری مسمار کرکے دکانوں کی تعمیر اور اسکول کی دیوار کے ساتھ قائم درجنوں تجاوزات پر سخت نوٹس پر عملے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات کو مسمار کردیا اور تمام تعمیراتی مٹریل کو تحویل میں لے لیا۔ لیاقت اسکول کی مرکزی دیوار پر عرصہ دراز سے غیرقانونی تجاوزات قائم تھیں، جیسے کئی بار ختم کرانے کی کوشش کی گئی تھی مگر سیاسی اثر و رسوخ، دبائو کے باعث عملے کو کامیابی نہیں ہوسکی۔ مذکورہ غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لینے کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ نے ڈپٹی کمشنر کو تحریری درخواست دی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن میں ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی خصوصی دلچسپی کے باعث تعلقہ سٹی اور لطیف آباد میں سیکڑوں جنریٹرز کو فٹ پاتھوں اور سڑکوں سے ہٹایا گیا اور ضلع کے سب سے بڑے زچہ خانے المعروف لیڈی ڈفرن اسپتال اسٹیشن روڈ کے فٹ پاتھ پر قائم سیکڑوں تجاوزات کو مسمار کرکے واگزار کرایا گیا ہے۔