اولیاء اللہ کی محبت ہی دنیا و آخرت میں شفاعت کا ذریعہ ہے

354

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ختم نبوتﷺ دین کی اساس ہے، اپنی جانوں پر کھیل کر بھی اس کی حفاظت کریں گے، اولیاء کرام کے دامن سے وابستگی میں ہی دین و دنیا کی کامیابی ہے کیونکہ اولیاء اللہ کی محبت ہی دنیا و آخرت میں شفاعت کا ذریعہ ہے علماء مشائخ ملک میں سیکولر نظام لانے والوں اور ملک کو سیکولرریاست بنانے والوں کا مقابلہ ڈٹ کر کریں گے کہ صوفیاء کرام نے پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوتﷺ اور امن و آشتی کا پیغام پھیلایا۔ قیام پاکستان میں صوفیاء اور اولیاء کرام دو قومی نظریے کے بڑے علمبردار اور عقیدہ ختم نبوتﷺ کے محافظ تھے۔ ان الفاظ کا اعادہ خانیہ سلسلے کے بانی پیر الیاس میر خان نے چیئرمین علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر اہلسنت رابطہ کونسل (پاکستان) کے سربراہ سید مسرور ہاشمی، تحریک تحفظ ختم نبوت کے چیئرمین عامر ندیم قائمخانی، متحدہ ختم نبوت فورم کے فقیر ملک شکیل قاسمی اور وسیم قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وقف املاک ایکٹ مساجد ومدارس کے لیے بنائے گئے قانون و پابندیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت کے سیکولر اقدامات کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔ دوران گفتگو صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے کہا کہ اولیاء کرام نے ہمیشہ عقیدہ ختم نبوت کا بھرپور تحفظ کیا اور فرقہ واریت کی نفی کی کیونکہ اسلام میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے مدارس اور خانقاہوں کیخلاف ہر دور میں سازشیں کی ہیں مگر وہ ہمیشہ ناکامی سے ہمکنار ہوئے ہیں، سیاسی، معاشی عدم استحکام حکومتوں کے لیے بڑا چیلنج ہے، حکومت تاحال مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی اور لاقانونیت پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔