حیدرآباد ،سندھ کے سرکاری ملازمین نے احتجاج کا شیڈول جاری کردیا

329

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے مطالبات کی منظوری کے لیے 13 اپریل کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں مظاہروں اور 25 مئی کو وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کا کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں الائنس کے رہنما حاجی اشرف خاصخیلی، انتظار چلگری، پروفیسر یعقوب چانڈیو، اشرف خان بوزئی، ساجن پنہور ودیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ الائنس نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جس میں تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ، گروپ انشورنس کی رقم بروقت ادا کرنے، یوٹیلیٹی الاؤنس تمام ملازمین کو ایک جیسا دینے، سن کوٹہ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر اداروں کے ملازمین کو ٹریژری آفس سے تنخواہ دینے، کچے ملازمین کو پکا کرنے، تمام ملازمین کو ٹائم ا سکیل دینے، فوتی کوٹا پالیسی میں تبدیلی کرکے مقامی سطح پر نوکریوں کا اختیار دینے، تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے، تمام ملازمین کو ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کرنے، ریٹائرڈ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت گریجویٹی سمیت تمام ادائیگیاں کرنے اور ترقیاں دینے کے مطالبات کی منظوری کے لیے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس، چیف سیکرٹری آفس سمیت تمام سیکرٹریز کے پاس چارٹر آف ڈیمانڈ جمع کرایا، جس کا جواب نہ ملنے پر 22 مارچ کو پھر خط کے ذریعے یاد دہانی کرائی لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی پیشرفت نہیں کی، جس کے بعد 6 اپریل کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار ہے، جس کے تحت مطالبات کی منظوری کے لیے 13 اپریل کو ضلعی ہیڈ کوارٹر میں مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ 21 اپریل کو ریجنل کنونشن لاڑکانہ، 22 اپریل کو سکھر، 24 اپریل کو بے نظیر آباد، 3 مئی کو میرپور خاص، 8 مئی کو کراچی 25 مئی کو کراچی پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کیا جائے گا جبکہ احتجاج مطالبات کی منظور ی تک جاری رہے گا۔