علما کرام وقف املاک ایکٹ سے عوام کو آگاہ کریں،کفیل بخاری

45

لاہور (نمائندہ جسارت)مجلس احرا ر اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے تمام مکاتب کے علما کرام، خطبا عظام، مبلغین اور ائمہ مساجد سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں وقف املاک ایکٹ کی تفصیلات سے لوگوں کو آگاہ کریں اور وقف املاک ایکٹ کے نقصانات کی نشاندہی کریں تاکہ عوام الناس میں بیداری ا ور شعور پیداہو اور عوام خودمیدان عمل میں آکر اس کو مسترد کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطباء کرام عوام الناس سے مشاورت کرکے رہنمائی دیں تاکہ عوام کی طاقت کے آگے حکمران گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوکر اپنے جاری کردہ وقف املاک ایکٹ کو واپس لیں۔ انہوں نے تمام خطبا عظام سے یہ بھی اپیل کی ہے وہ عوام سے اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کرائیں تاکہ اللہ تعالیٰ معافی و درگزر کا معاملہ فرما دیں اور لوگو ں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے زور دیں۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ نے بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے غیر مسلموں کے اسلام میں داخلے کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،حال ہی میںقادیانیت کو ترک کرنے والے محمد صوت (جو لاہور ہی کا رہائشی ہے )کلمہ اسلام پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوا ۔ جس کی خوشی میں ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میںایک تقریب منعقدکی گئی جس میں جامعہ فتحیہ کے استاد الحدیث ، مفتی مختار الدین شاہ کے خلیفہ مجاذ ،ولی کامل، مفتی عبدالرحمن ثانی نے محمد صوت کو کلمہ پڑھا کر قادیانیت سے توبہ کرائی۔ اس موقع پر میاں محمد اویس ،قاری محمد قاسم بلوچ ، چودھری محمد مدثر اکرام،ڈاکٹر ضیاالحق قمر، قاری عبدالعزیز یوسف ،بھائی محمد عامر اعوان اور دیگر احرار کارکن بھی موجود تھے۔