الخدمت 14 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے ،ڈاکٹر مشتاق مانگٹ

72

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام آرفن بچوں کے لیے چیئریٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، نائب صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن تقریباً14,000 بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن بلاامتیاز دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔الخدمت نے ہمیشہ ضرورت مندوں، مصیبت زدہ افراد اور مستحقین کے لیے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر خلوص نیت سے خدمات سرانجام دی ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک کے نامور فلاحی اداروں میں الخدمت کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے منعقدہ چیئریٹی ڈنر کی تقریب سے خطاب میں کیا۔دیگر مقررین نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار منظم ملک و قوم کا سرمایہ ہے جس کا کام ملک کے مصیبت زدہ اور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا افراد اور یتیم بچوں کی کفالت کرنادنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ جس کی نوید نبی آخرالزماں ﷺ نے اپنی امت کو سنائی ہے۔ الخدمت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خدمت خلق کے کام کو سرانجام دے رہی ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے۔