رمضا ن المبارک میں منافع خوروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی، ڈی سی کشمور

197

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، منافع خوروں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء خورونوش فروخت کی جائیں۔ حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کے تحت نماز ادا کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کشمور ایٹ کندھکوٹ منور علی مٹھیانی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر آفس میں رمضان المبارک کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی اور مختلف طبقہ فکر کے علماء کا اہم اجلاس بلایا گیا، جس میں سندھ رینجرز کشمور ڈی ایس آر طارق محمود، پولیس ڈی ایس پی نیاز فاروقی، اسسٹنٹ کمشنر مونس احمد راھوجو، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے آفیسر آغا عرفان علی، پرائس کنٹرول کمیٹی، سیپکو، سوئی گیس عملے اور مختلف مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔ اس موقع پر اشیائے خورونوش کے نرخوں کی قیمت طے کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کی لسٹ آویزاں کریں اور زیادہ منافع لینے والے کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مارکیٹ کا اچانک دورہ کریں، زیادہ منافع لینے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ رمضان المبارک کے حوالے سے بچت بازار بھی لگائے جائیں۔ شہر بھر میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے علماء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک احسان اور اچھائی کا درس دیتا ہے، اس لیے ہمیں اس پر عمل کرنا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت نماز ادا کی جائیں۔ مسجدوں میں سے قالین ہٹا کر فرش پر نماز ادا کی جائے اور مسجدوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ بجلی اور گیس کی بے جا لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔