پہلا روزہ بدھ 14اپریل اورعید الفطر جمعہ14 مئی کو ہو گی‘ماہر فلکیات

533

پشاور‘لاہور(اے پی پی)رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس13اپریل2021ء بروز منگل شام 6-30 بجے ایڈمنسٹریٹر اوقاف خیبرپختونخوا کے دفتر واقع عید گاہ چارسدہ روڈ پشاور میں منعقد ہوگا۔ جس میں رویت ہلال کمیٹی کے
چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان ، علمائے کرام اور متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔علاوہ ازیں معروف ماہر فلکیات و رویت ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ پہلا روزہ بدھ 14اپریل جبکہ عید الفطر جمعۃ المبارک14 مئی کو ہو گی۔ جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش سوموار 12 اپریل2021 ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 32 منٹ پر ہو گی۔29 شعبان المعظم یعنی منگل 13 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو عمومی طور پر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے جو پاکستان کے اکثر علاقوں میں 35 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکی ہو گی۔