دورہ بنگلا دیش، قاسم اکرم قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان مقرر

698

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دورہ بنگلا دیش کیلیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت ابھرتے ہوئے نوجوان آلراؤنڈر قاسم اکرم کریں گے،پی سی بی نے دورہ بنگلا دیش کیلیے17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان بھی کردیا ہے۔ فاسٹ بولر عاصم علی، اسپنر ارحم نواب اور بیٹسمین رضوان محمود حتمی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے تاہم تینوں کرکٹرز اسکواڈ کی 17 اپریل کو بنگلا دیش روانگی سے قبل تک تربیتی کیمپ کا حصہ رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق 18 سالہ قاسم اکرم نے گزشتہ سال جنوبی افریقا میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ ایونٹ سے واپسی پر نوجوان بیٹنگ آلراؤنڈر کو عمدہ صلاحیتوں کی بدولت سینٹرل پنجاب میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 8 فرسٹ کلاس، 12 لسٹ اے اور 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔ وہ پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کے اسکواڈ کا بھی حصہ رہے ۔ کپتان قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اعتماد کا اظہار کرنے پر وہ ٹیم مینجمنٹ کے مشکور ہیں۔ دوسری طرف دورے کے لیے حتمی 17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ حتمی 17 رکنی اسکواڈ میںقاسم اکرم (کپتان) (سینٹرل پنجاب) ، عباس علی (خیبر پختونخوا) ، عبد الفصیح (ناردرن) ، عبدالواحد بنگلزئی ودیگرشامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق 17 اپریل کو قومی ٹیم بنگلا دیش روانہ ہو گی۔