محمد حفیظ کے دیے ہوئے بلے سے 2سنچریاں بنائیں،فخرزمان

293

جوہانسبرگ(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخرزمان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف جس بلے کے ساتھ دو سنچریاں بنائیں وہ محمد حفیظ نے دیا تھا ، جنوبی افریقا کو ان کے ہوم گرائونڈ پر ہرانا بہت بڑی بات ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی کوشش کروں گا کہ ون ڈے کی طرح ہی کارکردگی دکھائوں،دوسرے ون ڈے میں رن آوٹ میں ساری غلطی میری تھی،ڈی کوک کو اس واقعے کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتا، امام الحق کے ساتھ اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے، وہ وکٹ کو جلد سمجھ جاتا ہے اور اس کے ساتھ بیٹنگ کرتے انجوائے کرتا ہوں۔ جنوبی افریقا میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور ون ڈے سیریز کے بہترین کھلاڑی فخر زمان نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف لگا تار دو سنچریاں جس بیٹ سے بنائیں وہ پاکستانی آل رانڈر محمد حفیظ نے دیا تھا۔ مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ سخت محنت کرکے اپنی خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی تو کارکردگی بہتر ہوئی، محمد حفیظ نے پی ایس ایل کے دوران بھی بہت اسپورٹ کیا اور بہترین رہنمائی کی، بابر اعظم ایک بہترین کپتان ہیں، وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں ، اس کے ساتھ کریز پر رہنا بھی بہت اچھا لگتا ہے، کیوں کہ وہ صورت حال کو آسان بنانے کے ماہر ہیں، جس سے اچھی پارٹنرشپ بننے میں بہت مدد ملتی ہے، امام الحق کے ساتھ اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے، وہ وکٹ کو جلد سمجھ جاتا ہے اور اس کے ساتھ بیٹنگ کرتے انجوائے کرتا ہوں، شرجیل خان میرے فیورٹ کرکٹرز میں سے ایک ہیں، اس کیساتھ موقع ملا تو اچھا لگے گا۔