حکومت برقراررہی تو دفاعی بجٹ کیلیے بھی قرض لینا پڑیگا‘ ن لیگ

246

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف اور نائب صدر مریم نواز کے ترجمان اور سابق گورنرسندھ محمد زبیرنے کہاہے کہ وزیراعظم کی باتوں پر ہنسی آتی ہے، ایسا نہیں لگتا کہ وہ پاکستان سے متعلق بات کررہے ہیں، عوام کی آمدن نہیں ،مہنگائی بڑھ رہی ہے، ہر نیا دن مشکل ہوتا جارہا ہے، سب سے اچھی ٹیم کا دعویٰ کرنے والے وزیراعظم بار بار اپنی معاشی ٹیم بدل رہے ہیں، ہر ماہ معیشت کے مختلف اہداف آتے ہیں۔ ڈیڑھ کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل کر احساس پروگرام بڑھانا کوئی فخر کی بات نہیں، اگر یہی حکومت رہی تو ڈیفنس بجٹ کے لیے بھی قرضہ لینا پڑے گا، نیا بجٹ آنے والا ہے لیکن پتا نہیں وزیر خزانہ کون ہوگا، نااہل حکومت 3 وزیر خزانہ ، 4 سیکرٹری فنانس اور 5 چیئرمین ایف بی آر بدل چکی ہے، 5وزرا کہہ چکے ہیں کہ مریم نواز لندن جارہی ہیں، حکومت کو گھر بھیجے بنا مریم کہیں نہیں جائیں گی، ان کو سب سے زیادہ خوف مریم نواز سے ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہبازشیخ اور دیگربھی موجود تھے ۔