یوٹیلیٹی اسٹورز پرچینی سمیت دیگر اشیا بلیک میں فروخت کیے جانے کا انکشاف

115

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی سمیت دیگر سستی اشیا بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک کے میں واقع یوٹیلیٹی اسٹورز پربد ھ 7 اپریل کو سہ پہر 4 بجے چینی ٹرک سے اتاری گئی اس دوران اسٹور پر جمع خریداروں کو چینی طلب کرنے پر اسٹور کے ملازمین نے بتایا کہ ابھی ابھی چینی آئی ہے چینی کل فروخت کی جائے گی آپ لوگ کل تشریف لائیں، دوسرے دن جمعرات 8 اپریل کو لوگ صبح 10 بجے یوٹیلیٹی اسٹور پر پہنچے اور اسٹور کھلنے کا انتظار کرتے رہے ، 2 گھنٹے طویل انتظار کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورکے ملازمین دو پہر 12 بجے اسٹور پر آئے اور اسٹور کھولنے کے بعد 8 سے 10 افراد کو چینی دینے کے بعد کہا چینی ختم ہوچکی ہے، اب مزید لوگوں کو چینی نہیںدے سکتے، آپ لوگ کل تشریف لائیں، گرمی اور سخت دھوپ میں 2 گھنٹے تک انتظار کے بعد بھی چینی نہ ملنے پر خریداروں اور اسٹور ملازمین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی، اس دوران اسٹور کے ایک سینئر ملازم کا کہنا تھا کہ بے شک آپ ہماری شکایت اوپر کردیں اس میں ہمارا ہی فائدہ ہے جس پر ایک خریدار نے جواب دیا کہ ہاں آپ کا کوٹہ بڑھ جائے گا آپ چینی زیادہ مقدار میں بلیک مارکیٹ میں فروخت کریں گے، یوٹیلیٹی اسٹور پر یہ روز کا معمول بن چکا ہے، ہر روز اسٹور پر چینی آتی ہے لیکن عوام چینی سے محروم رہتے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹور پر موجود خریداروں کا کہنا تھا کہ اسٹور وقت بے وقت کھلتا ہے جس کی وجہ سے دیگر اشیا خریدے بغیر گھر واپس لوٹنا پڑتا ہے، واضح رہے کہ چینی اوپن مارکیٹ میں 100 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹور ز پر قیمت 70 روپے فی کلو ہے۔ لاہو ر سے موصول ہو نے والی اطلا عات کے مطابق وہاں بھی میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ نایاب ہو گئیں، صرف ایک، ایک کلو گھی چینی اورآٹے کے لیے مرد و خواتین گھنٹوں طویل قطاروں میں لگنے پر مجبورہیں۔اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سب دعوے ہوا ہوئے۔ جب صرف ایک ایک کلو چینی اور گھی حاصل کرنے کے لیے مرد و خواتین اور بچے گھنٹوں تک قطاروں میں لگنے پر مجبور ہوجائیں لیکن چار چار گھنٹوں تک کھڑے رہنے کے بعد بھی صرف ناکامی ہی ہاتھ لگے ۔حکام کادعوی ٰہے جیسے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اب بنیادی اشیائے ضروریہ کا حصول بھی مشکل تر ہوچکا ہے۔دوسری طرف حکام نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا ہے کہ اشیا کی سپلائی کی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔یوٹیلیٹی اسٹورز کی سستی چینی بلیک میں فروخت کی جانے لگی