ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم‘ صدر نے آرڈیننس کی منظوری دے دی

103

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم کرتے ہوئے اس کے تمام فیصلے وزارت تعلیم کی منظوری سے مشروط کر دیے گئے ہیں ، چیئرمین کی تعیناتی 2سال جب کہ ارکان 4سال کے لیے تعینات ہوںگے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) ترمیمی آرڈیننس 2021ء کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق 26 مارچ سے ہوگا۔ آرڈیننس کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم کر دی گئی ہے۔ ایچ ای سی کے تمام فیصلے اب وزارت تعلیم کی منظوری سے مشروط ہوںگے۔آرڈیننس کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی 2 سال جب کہ ارکان کی تعیناتی 4 سال کے لیے ہوگی تاہم چیئرمین اورارکان مزید ایک ٹرم بھی لے سکیں گے۔ خیال رہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گزشتہ ماہ ڈاکٹر طارق بنوری کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے عہدے سے اچانک ہٹا دیا تھا۔ نیب نے ایک خط کے ذریعے طارق بنوری سے غیر قانونی تقرریوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، بد انتظامی اور بدعنوانیوں کے الزامات پر جواب طلب کر رکھا ہے۔