لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کو فوری آباد کیا جائے ، اسامہ رضی

233

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کے 27 سال سے پلاٹ سے محروم متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ جماعت اسلامی ان کے حقوق کے حصول کے لیے ان کا بھرپور ساتھ دے گی ،بے روزگار نوجوانوں سے کروڑوں روپے وصول کرنے کے بعد بھی انہیں پلاٹ فراہم نہ کرنا ظلم کی انتہا ہے جماعت اسلامی نے کراچی میں ہونے والے ہرظلم کے خاتمے کے خلاف تحریک چلائی ہوئی ہے کراچی کے3 کروڑ عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ وہ لانڈھی کاٹیج انڈسٹریزالاٹیز ایکشن کمیٹی کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر اور لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمود حامد، جنرل سیکرٹری ایوب خان ،صدر شہاب الدین اور محمد سرفراز کی قیادت میں ادارہ نورحق میں ان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر نائب امیرکراچی راجا عارف سلطان ، نائب قیم اور سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی اور پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی بھی موجود تھے ۔ محمود حامد نے بتایا کہ لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کی اسکیم بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 1993ء میں بنائی تھی اور بے روزگار نوجوانوں سے بینکوں کے ذریعے درخواستیں لینے کے بعد قرعہ اندازی کی گئی اور 2,335 بے روزگار نوجوانوں کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا گیا اوران سے بقیہ کروڑوں روپے کی وصولی کے بعد اس منصوبے کو سرخ فیتے کی نذر کر دیا گیا، اس منصوبے میں بیروزگار خواتین بھی شامل تھیں، یہ اسکیم نوجوانوں کے لیے بنائی گئی تھی مگر 1993ء میں جس 20 سال کے نوجوان نے درخواست دی تھی وہ آج 47 سال کا بوڑھا ہونے کے باوجود پلاٹ سے محروم ہے ،وہ اپنا سرمایہ بلدیہ عظمیٰ کو دے چکا ہے مگر اس کے حصے میں پلاٹ کے بجائے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتروں کے دھکے ہیں ، ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ گورنمنٹ کے تمام محکموں کا یہی حال ہے اسی لیے ہم نے ان کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا ہے، کراچی کی ازسر نو مردم شماری کے لیے، کوٹا سسٹم کے خاتمے کے لیے، نوجوانوں کے روزگار کے لیے اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار روکنے کے لیے ہم بھرپور اور حق دو کراچی مہم چلارہے ہیں، آپ کا مسئلہ بھی روزگار کا مسئلہ ہے اور اتنے طویل عرصے تک پلاٹ فراہم نہ کیا جانا ظلم کی انتہا ہے ،ہم آپ کے ساتھ ہیں آ پ کی جدوجہد میں پوری طرح شریک ہیں ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی آپ کی اس تحریک میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے پبلک ایڈکمیٹی جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی کو ہدایت کی کہ وہ لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں، ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے جماعت اسلامی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی کی مدد اور تعاون سے ہم اپنے حقوق لینے میں کامیاب ہوجائیں گے اور جلد ہی لانڈھی کاٹیج انڈسٹری عملی طور پر کام شروع کر دے گی۔