بدعنوانی کے خاتمے کیلیے افسران کی تربیت ناگزیر ہے‘ چیئرمین نیب

141

اسلام آ)باد ( آن لائن ) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کی ذمے داری کو نبھانے کے لیے انتہائی پرعزم اور اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا جس میں نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ نیب اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی استعداد کار میں اضافے اور جدید خطوط پر تربیت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے افسران، اہلکار اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت کو یقینی بنانے کے لیے 2021ء کے لیے ایک جامع سالانہ تربیتی منصوبہ تشکیل دیا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ تمام علاقائی سطح پر تربیتی سیل بنائے گئے ہیں جو بنیادی طور پر اپنے علاقائی بیوروز میں مربوط اور منظم سرگرمیوں کو سرانجام دینے کے ذمے دار ہیں۔ نیب کو ایس او پیز، قوانین اور قواعد وضوابط کے معیاری اطلاق میں مدد ملے گی۔ نیب میں جدید فورنزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔