مسائل پر قومی ڈائیلاگ نہ ہوا تو بحران سب کچھ نگل لے گا، لیاقت بلوچ

202

لاہور ( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی جمہوری اور دینی قوتوں کو قومی ترجیحات ، آئین کی علمبرداری اور ریاست مدینہ کی طرز پر نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کے لیے قومی ڈائیلاگ کرناہونگے وگرنہ بحران سب کو نگل لے گا، قومی سیاست پر اسرار محلاتی سازشوں میں الجھی ہوئی ہے۔ سینیٹ انتخاب نے سیاسی، پارلیمانی و حکومتی بنیادیں ہلا دی ہیں، اس کی زد میں اپوزیشن جماعتیں بھی آگئی ہیں ۔ سیاسی ، ریاستی اور جمہوری قوتوں نے صاف ستھرے جمہوری نظام کے بجائے یوٹرنائزیشن کی سیاست کا زہر خود تیار کیا ، آج سب اس کا شکار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میں صارفین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سود ، قرضے ، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال قومی معیشت کے لیے تباہی کا باعث بن گئے ہیں ۔ اسٹیٹ بینک کو آزاد کر کے قومی اقتصادی وقار کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔ قرضوں اور کرپشن کی معیشت عوام کے لیے مزید مشکلات لائے گی ۔ صارفین کے بنیادی حقوق کی حفاظت اسلام کے معاشی نظام اور خود انحصاری کے ذریعے ممکن ہے ۔ سود اور قرضوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو ایک پیج پر لاناہوگا ۔ پالیسی ساز عالمی مالیاتی اداروں کی ذہنی غلامی ترک کریں اور اپنی قوم پر اعتماد کا لائحہ عمل بنائیں ۔ جماعت اسلامی سود کے خاتمے اور اسلام کے معاشی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں کامیابی پوری قوم خصوصاً نوجوانوں کے لیے خوشی اور ٹیم کے لیے قابل مبارکباد ہے ۔ ٹیم ورک نے قابل فخر معرکہ سر کیا ۔ وزیراعظم عمران خان سیاسی ریاستی امور اور حکومتی اتحاد میں انتشار اور فساد کے گرداب میں تھے اس لیے وہ ون ڈے سیریز پر توجہ نہ دے سکے اس لیے قومی ٹیم جیت گئی ۔ کھیل اور نوجوانوں پر ریاستی نظام توجہ دے تو پاکستان میں ہر کھیل کے لیے نوجوانوں کابڑا ٹیلنٹ موجود ہے ۔