وفاقی زرعی کمیٹی کا اجلاس‘وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیقات واعلیٰ حکام کی شرکت

273

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیقات سید فخر امام کی زیرصدارت غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور اقدامات کی نگرانی کے لیے قائم اعلی اختیاراتی وفاقی زرعی کمیٹی (ایف سی اے) کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیقات کے اعلیٰ حکام کے علاوہ صوبائی محکمہ زراعت، اسٹیٹ بینک، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، نیشنل فرٹیلائزر سینٹر، انڈس ریور سسٹم اتھارٹی(ارسا) اور منصوبہ بندی کمیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں رواں سال 2020ء اور2021ء کی ربیع فصل کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی زرعی کمیٹی کی جانب سے شرکا کو بتایا گیا کہ رواں برس مجموعی طورپر9.91 ملین ہیکٹرز رقبے پر گندم کاشت کی گئی اور پیداوار کا تخمینہ26.04 ملین ٹن ہے جوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں1.7 فیصد سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ چنا، دالیں، پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار سے متعلق امور بھی زیرغور آئے۔ اجلاس میں خریف کی فصلوں کے پیداواری اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی زرعی کمیٹی نے غذائی تحفظ کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیا اور مستقبل میں خوراک پیدا کرنے والی فصلوں پر ٹھوس تحقیق و ترقی کرنے اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔