عالمی سطح پر مسلم عورت کے کردار سے چشم پوشی کی جا تی ہے ، سمیحہ راحیل

181

لاہور(نمائندہ جسارت) انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کے کونسل آف ٹرسٹیز کاسالانہ اجلاس برائے 2021 ء آن لائن منعقد ہوا۔اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے یونین کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہاہے کہ عالمی سطح پر مسلمان عورت کے شفاف اور بے لوث کردار کو پہچاننے میں چشم پوشی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے ۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کے نام پر ابھرتی لہر نے مسلمان عورت کے مسائل میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔عورت خاندان اورمعاشرے کامرکز محبت ہے ۔ معاشرے میں ہونے والی کسی بھی اچھائی یا برائی سے عورت پہلے متاثر ہوتی ہے۔عورت کورونا وبا سے متاثرہ دنیا میں بہت اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بیک وقت خاندان کا محاذ بھی اور معاشرتی ذمے داری بھی۔ان 2 کرداروں کے حوالے سے ہر معاشرتی تبدیلی پر عورت فوری محتاط اور ذمے داررویہ اپناتی ہے۔ سالانہ مرکزی رپورٹ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عفاف احمد نے پیش کی جوکہ اس سیشن کی صدارت بھی کر رہی تھیں۔ انہوں نے سال-21 2020ء کے دوران یونین کی جانب سے خواتین کی بہبود و بحالی کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں اور امدادی سرگرمیوں کا مکمل جائزہ پیش کیا ۔ممبران کی جانب سے یونین کی سالانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ بعد ازاں انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کی تدوین و تاریخ بانی ممبر ڈاکٹر مظاہر محمد عثمان نے پیش کی اور تفصیل سے ان اسباب پر روشنی ڈالی جن کی بنیاد پر مسلمان عورت کے عقائد و نظریات کی بقاوتحفظ کی جدوجہد کو منظم شکل دینا پڑی ۔عرب ریجن کی 2018ء تا 2020ء کی رپورٹ ڈاکٹر عائشہ یکن نے ، یورپی ریجن کی رپورٹ ثمینہ رضوان ،ڈاکٹر سعدیہ احمد اور ڈاکٹر میمونہ مجید نے پیش کی جبکہ ترک خواتین کی ترجمانی ڈاکٹر رابعہ یلماز نے کی ۔افریقی ریجن کی نمائندگی ڈاکٹر حلیمہ وکابی اکبر اور فاطمہ ابو بکر احمد نے کی ۔ ایشین ریجن کی نمائندگی اور رپورٹ پیش کرنے کی ذمے داری شگفتہ عمر نے ادا کی ۔صدر ویمن اینڈ فیملی کمیشن ڈاکٹر رخسانہ جبین نے 2021-22ء کے لیے منصوبہ عمل پیش کیا اور کووڈ 19 کے تحت بدلتے حالات و ممکنات پر اظہار خیال کیا۔ اجلاس کے پہلے سیشن کے آخر میں اعلان لاہور (آئی ایم ڈبلیو یو) کی سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر کوثر فردوس نے پیش کیا جس میں اس سیشن کے تکمیلی اہداف کا حاصل پیش کیا گیا ۔