وزیراعلیٰ سے صوبہ چلتا ہے نہ وزیراعظم سے حکومت، مریم اورنگزیب

125

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے نہ صوبہ چلتا ہے اور نہ وزیراعظم سے حکومت، انہیں صرف خواتین کو روکنا آتا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں داخلے سے روکے جانے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ احتساب عدالت لاہور آمد پر سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے مریم اورنگزیب کو عدالتی دروازے پر روک لیا بعد ازاں مریم اورنگزیب کے اصرار پر خواتین اہلکاروں کے ساتھ انہیں اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ جب میڈیا نے روکے جانے کی وجہ دریافت کی تو مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجھے عدالت آنے سے روکا گیا جبکہ کوئی قانون عوامی مقام پر آنے سے نہیں روک سکتا، جب میں نے اہلکاروں سے بات کی تو کہا گیا کہ میں عام افراد کیلیے مقرر دروازے سے چلی جاؤں، جس پر میرا کہنا تھا کہ ہم کون سا وی آئی پی گیٹ سے عدالت آتے ہیں، عام راستے سے ہی اندر جا رہے ہیں۔