لندن : میانمر کے فوجی اتاشی کا سفارتخانے پر قبضہ

293
لندن: میانمر کے سفیر سفارت خانے کی عمارت کے باہر داخلے کی اجازت ملنے کے منتظر ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں میانمر کے سفارت خانے پر فوجی اتاشی نے قبضہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق لندن میں متعین میانمر کے سفیر کیو من کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ان کے اپنے ہی سفارت خانے میں فوجی اتاشی نے داخل ہونے سے روک دیا۔ سفارتخانے میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر انہوں نے رات اپنی گاڑی میں گزاری۔ بتایا گیا ہے کہ سفیر کو میانمر میں فوجی مداخلت کی مخالفت پر یہ سلوک برداشت کرنا پڑا ہے۔ سفیر نے اخباری نمایندوں کو بتایا کہ انہوں نے فوجی اتاشی کو سفارت خانہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے، کیوں کہ وہ میانمر کی نمایندگی نہیں کر رہے۔ انہوں نے برطانوی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ ملک میں مزید خون خرابہ دیکھنا نہیں چاہتے۔ سفیر نے بتایا کہ ملٹری اتاشی نے سفارتخانے کے عملے کو عمارت سے باہر نکلنے کا کہا اور انہیں بطور سفیر برطرف کردیا گیا۔ سفارتخانے کے باہر اپنے ترجمان کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ فوج کی جانب سے نئے سفیر کے تقرر کو قبول نہ کرے اور سفیر کو واپس میانمر بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ میانمر میں فروری میں فوجی بغاوت کی گئی اور اب ایسی ہی صورتحال یہاں لندن میں بھی ہے۔ سفارتخانے کے عملے کو دھمکایا جارہاہے کہ اگر انہوں نے فوجی جنرل کے ساتھ کام سے انکار کیا تو انہیں سخت سزائیں دی جائیں گی۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، تاہم برطانیہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی کارروائی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ واقعے کے بعد سفارتخانے کے باہر تعینات پولیس اہل کاروں نے سفارتخانے سے باہر نکالے جانے والے عملے کو عمارت میں داخل ہونے سے روک دیا۔