امریکا اور چین میں علاقائی تنازعات پر دھمکیوں کا تبادلہ

228
واشنگٹن: امریکی حکومت کے ترجمان نیڈپرائز یومیہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

واشنگٹن/ بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن اور تائیوان سے متعلق عزائم پر امریکا نے چین کو ایک بار پھر انتباہ دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائز نے پریس بریفنگ کے دوران چینی جہاز کی فلپائنی سرحد کے قریب موجودگی اور چینی جنگی طیاروں کی تائیوان کی حدود کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منیلا کے قریب چینی جہازوں کی موجودگی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے۔ جنوبی چین کے بحری علاقے میں فلپائنی فوج اور طیاروں پر کسی بھی طرح کے حملے کی صورت میں امریکا فلپائن کے ساتھ کیے گئے دفاعی معاہدے کی پوری طرح سے پاسداری کرتے ہوئے اپنی ذمے داری نبھائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ منیلا کے قریب سمندری حدود میں چینی افواج کی موجودگی پر فلپائنی حکومت کو تشویش ہے، جس کے بارے میں امریکا چینی حکومت کو آگاہ کرچکا ہے۔ دوسری جانب چین نے حالیہ دنوں میں تائیوان سے کشیدہ معاملات کا ذمے دار امریکا کو قرار دے دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ تائیوان کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کا ذمے دار امریکا ہے، امریکی فضائی بحری بیڑا چند روز قبل تائیوان کے قریب مشقوں میں مصروف تھا، جب کہ گزشتہ روز امریکی جنگی جہاز متنازع علاقے تائیوان اسٹریٹ سے گزرا تھا، لہٰذا کیا چین کو بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے خلیج میکسیکو میں جنگی جہاز بھیجنا چاہیے۔ واشنگٹن: امریکی حکومت کے ترجمان نیڈپرائز یومیہ پریس کانفرنس کررہے ہیں