جامعات کے طلبہ کو 4 کروڑ روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ

142

کراچی (اسٹاف ر پورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی شعبے کی جامعات کے طلبہ کو 40 ملین روپے کے وظائف دیے جائیں گے۔ یہ اسکالرشپ رواں مالی سال کے دوران سرکاری شعبہ کی جامعات کے بی ایس / ایم ایس / ایم فل / پی ایچ ڈی کے طلبہ اور نجی شعبے کی جامعات کے ایم ایس / ایم فل / پی ایچ ڈی کے طلبہ کیلیے میرٹ اورضرورت کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وائس چانسلر پبلک یونیورسٹیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سینئر ایڈوائزر برائے یونیورسٹیزاینڈ بورڈ نثار کھوڑو ، وزیر بلدیات ناصر شاہ ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور دیگر شریک ہوئے، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے 5 جامعات کو دیہی علاقوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب قائم کرنے کیلیے 25 ملین روپے کے چیک تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی سفارش پر دیہی علاقوں کی 5 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں آئی ٹی لیبز کے قیام کیلیے ہر ایک کو 5 ملین روپے کی شرح سے 25 ملین روپے تقسیم کیے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت 3شہروں کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کیلیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ ویلیوایشن ٹیبل سے موافق ہونے کیلیے ضروری قانون سازی کررہی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے وڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنہاسن سے اپنی ملاقات میں کہی۔ اجلاس میں کراچی میں عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ انکی پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے اور انکی مالی اعانت کو ہموار کیا جا سکے۔