جماعت اسلامی قرآن کا نظام برپا کرنے کی تحریک ہے‘ مفتی عطا الرحمن

178
مفتی عطاالرحمن 10روزہ فہم دین کورس کے شرکامیں اسناد تقسیم کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شیخ القرآن و الحدیث مہتمم جامعۃالحرمین و مرکز قرآن و سنہ جماعت اسلامی کے ناظم مولانا مفتی عطا الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن سے تعلق مضبوط کیے بغیر کامیابی یاعروج کا تصور ممکن نہیں۔ جماعت اسلامی بنیادی طور پر قرآن کی دعوت اور اس کے نظام کو برپا کرنے کی تحریک ہے اس کے ہر کارکن کو قرآن سے پوری طرح جڑا ہونا چاہیے۔ اس بات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ناظم آباد کے زیر اہتمام قرآن تجوید و فہم دین کے10 روزہ کورس کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔10روزہ کورس میں شرکا کو قرآن مجید کو درست تجوید سے پڑھنے اور ساتھ ساتھ فہم دین کے اہم موضوعات پر تفہیم دی گئی۔ تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی قیصر جمیل ، نائب قیم مولانا حبیب حنفی، مولانا نورحبیب قاری عبد القوی بھی شریک تھے۔10کلاسز پر مشتمل کورس کا انعقاد جماعت اسلامی ضلع وسطی کے دفتر میں ہوا جس میں ناظم آباد و قرب و جوار سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مولانا عطا الرحمن نے کہاکہ مغرب قرآن مجید اور سیرت رسول ؐ سے مسلمانوں کو دور کرنے کی پوری کوشش میں ہے لیکن ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے تعلق کو قرآن سے جوڑکر اس کے نظام کی جدو جہد جاری رکھیں ۔