پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا

179

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان میں ملتوی ہوگیا۔ اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے افغانستان کا تین روزہ دورہ کرنا تھا تاہم اب وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت افغانستان کے دورے پر جانے والے پارلیمانی وفد کے جہاز کو کابل ائر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے کے باعث دورہ ملتوی کر دیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے کے لیے افغانستان روانہ ہوئے تھے، وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور رکن پارلیمان غلام مصطفیٰ شاہ بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ وفد میں ساجد خان، رانا تنویر، گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار بھی شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ بند ہے جس کے باعث پاکستانی وفد کو بھی دورہ ملتوی کرنا پڑا۔دورہ ملتوی ہونے پر افغان چیئرمین سینیٹ فضل ہادی مسلم یار اور اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو الگ الگ فون کیے اور دورہ ملتوی ہونے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر ولوسی جرگہ اور چیئرمین افغان سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا جہاز سیکورٹی خدشات کے باعث نہیں اتر سکا، پاکستانی وفد کی سیکورٹی ہرچیز پر مقدم ہے، امید ہے بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی صورتحال بہترہونے پر جلد افغانستان آؤں گا، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔