امریکی شہریت کے حامل شخص کو چیئرمین نادرا لگانے کا فیصلہ

822

اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے امریکی شہریت کے حامل سہیل منیر کو چیئرمین نادرا لگانے کا فیصلہ کرلیا۔شفافیت اور میرٹ کا دعویٰ کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت نے خود ہی میرٹ کی دھجیاں اڑانا شروع کردی ہیں اور ایک ایسے شخص کو خلاف قواعد چیئرمین نادرا لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس نے درخواست ہی نہیں دی تھی اور اس شخص کی کمپنی پہلے ہی بلیک لسٹڈ ہے اور امریکی شہریت بھی رکھتا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو 3ناموں پر مشتمل سمری بھجوائی گئی تھی مگر وزیراعظم آفس کے اعلیٰ حکام نے اس سمری میں 2مزید نام نہ صرف شامل کروائے بلکہ انہیں سرفہرست بھی رکھ لیا، حالانکہ جن 3ناموں کی سمری بھجوائی گئی تھی انہیں شارٹ لسٹ کرکے انٹرویو بھی کئے گئے تھے مگر چند روز قبل حیرت انگیز طور پر سہیل منیر کا نام سرفہرست کے طور پر سمری میں شامل کیا گیا اور اس کی ہدایت وزیراعظم آفس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے دی گئی۔سہیل منیر کی امریکی کمپنی C41کے ساتھ فراڈ کرچکی ہے اور اسے بلیک لسٹ بھی قرار دیا جاچکا ہے۔ بیوروکریسی کے سینئر افسران نے سہیل منیرکو نادرا جیسے حساس ادارے کا چیئرمین بنانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسا شخص جو امریکی شہریت رکھتا ہے اسے پاکستان کے شہریوں کا ڈیٹا رکھنے والے ادارے کا سربراہ کیسے بنایا جاسکتا ہے؟یہ ایک حساس ادارہ ہے اور سہیل منیر کی یہاں تعیناتی سے پاکستانیوں کا ڈیٹا خطرے میں پڑسکتا ہے۔