حکومت نے آئی ایم ایف کوبجلی.34 3 روپے مزیدمہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی

204

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے پانچویںجائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔جائزہ رپورٹ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد جاری کی گئی۔ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے جائزہ پیش کیا گیاجبکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی حکومت نے بجلی 3 روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک روپے 95 پیسے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، دوسرے مرحلے میں بجلی مزید ایک روپے 63 پیسے مہنگی ہوگی، سال 2021ء میں معاشی ترقی کی شرح محض 1.5 فیصد رہے گی، اگلے سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد ہوسکتی ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق سال 2024 ء میں معاشی شرح نمو 5 فیصد ہوسکتی ہے،امسال مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8.7 فیصد ہوگی، 2022 میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8فیصد ہوسکتی ہے، 2020ء میں محصولات کی شرح معیشت میں 0.5 فیصد بڑھی ۔ رپورٹ کے مطابق پیٹر ولیم لیوی کی مد میں 30 روپے وصول کرنے سے ٹیکس آمدن بڑھی، پاکستان میں ٹیکس کا نظام تاحال پیچیدہ ہے، ٹیکس کا نظام آسان اور سہل بنایا جائے گا، ٹیکس کا نظام آسان بنانے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے ۔آئی ایم ایف کے مطابق کورونا کی وجہ سے بجلی کی وصولیاں متاثر ہوئیں، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی یقین دہائی کرائی گئی ہے،ا سٹیٹ بینک کی خود مختاری پر پارلیمنٹ سے قانون سازی بروقت کرائی جائے گی،ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر بروقت عمل درآمد ہوگا۔