کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رہے گی‘ کورکمانڈرز کانفرنس

298
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کورکمانڈر کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی، علاقائی اور عالمی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اجلاس کے دوران مشرقی سرحد اور کنٹرول لائن کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جب کہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی بات چیت کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال پر بھی غور کیا جب کہ کورونا کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔شرکا نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مسلح افواج کی جانب سے وبا پر کنٹرول کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کے مطابق ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل ہونا چاہیے۔شرکا نے افغان امن عمل اور جاری کوششوں میں مثبت پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت کو دوست ممالک کے ساتھ جاری فوجی مشقوں کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔