کورونا سے مزید98ہلاک 6ہفتے اہم قرار( عید بعد تمام شہریوں کیلیے ویکسین کی رجسٹریشن ہوگی‘ اسدعمر)

261

کراچی /الاہور/سلام آباد/کوئٹہ /پشاور (اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت +خبر ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا سے مزید 98 افراد انتقال کرگئے ۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میںمزید 5329 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مثبت کیسز کی شرح 10.6 فیصد رہی۔ادھرمحکمہ داخلہ سندھ نے ہفتہ وار 2 سیف ڈیزمیں کاروباری مراکز سے متعلق وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اس نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور اتوار کو سیف ڈیز میں لازمی سروس کے اداروں کو استثنا حاصل ہوگا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے،طبی سہولت فراہم کرنے والے ادارے سمیت پانی،بجلی،گیس،سیوریج ، میونسپل سروسز کے ادارے اور ان کے اسٹاف، میڈیا کے ادارے اوران کے اسٹاف کو سیف ڈیز میں استشنا حاصل ہوگا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق ہاکرز، دودھ اور بیکری کی دکانیں، چکن، گوشت کی دکانوں کو بھی استثنا حاصل ہوگا۔سبزی فروٹ ، فش شاپس، فلاحی ادارے، راشن تقسیم کرنے والے اداروں کو بھی استثنا ہوگا۔کوریئر سروس، گْڈز ٹرانسپورٹ، گروسری شاپس بھی کھلی رہیں گی۔ سیف ڈیز میں مستثنا ادارے اور شاپس صبح 6 سے رات 8بجے تک کھلے رہیں گے۔علاوہ ازیں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پنجاب پولیس نے نئی پالیسی جاری کردی۔جس میں کہا گیا ہے کہ دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہو گا جب کہ دستانے پہننا بھی ضروری ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا ایس او پیز احکامات پر عملدرآمد کا نفاذ 12 اپریل تک رہے گا۔ادھر پارلیمارنی سیکرٹری برائے وزرات صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کورونا ویکسین کی 70 لاکھ ڈوز پاکستان پہنچ جائیں گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ عید کے بعد تمام شہریوں کی کورونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن ہوگی۔اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ 5سے6 ہفتوں کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے جبکہ سرکاری سطح پر 11 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے لیے اس وقت چین، پاکستان کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ عید کے بعد ملک میں کورونا کی کین سینو ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔