لاہور: وزیراعظم آج 4000 فلیٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیںگے

44

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان آج ایل ڈی اے سٹی لاہور میں 4000 فلیٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 3 مرلے پر بنے اپارٹمنٹ کی قیمت 27 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ لاہور رنگ روڈ پر بلوکی انٹر چینج کے قریب ایل ڈی اے سٹی میں 35 ہزار اپارٹمنٹس بنانے کے حکومتی منصوبے پر وزیراعظم عمران خان جمعہ کو پہلے مرحلے میں 3 مرلے کے 4000 اپارٹمنٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ نام نکلنے پر 10 فیصد جبکہ بقایا رقم اپارٹمنٹس ملنے کے بعد ماہانہ اقساط میں ادا کرنا ہوگی۔ وائس چیئرمین لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایس ایم عمران نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 2000 اپارٹمنٹس درخواست دہندہ عام افراد کو جبکہ باقی 2000 وفاقی و صوبائی ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ ہوں گے۔ وزیراعظم کی جانب سے مستحق افراد کیلیے 50 لاکھ گھروں کے خواب کی تعبیر کا وقت آ گیا ہے، ڈیرھ سال بعد لوگ اپنے نئے گھروں میں منتقل ہونا شروع ہو جائیں گے۔