پاکستان 3 برس بعد عالمی کیپٹل مارکیٹ میں داخل

171

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان3سال سے زاید کے عرصے کے بعد بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں داخل ہوگیا،پاکستان نے 5،10اور30 سال کے یوروبانڈزکے ذریعے 2.5 ارب ڈالر حاصل کیے۔وزارت خزانہ کی طرف سے جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق یوروبانڈز کے سودے کے حوالہ انویسٹرکال اورآرڈربک میں ایشیا، مشرق وسطی یورپ اورامریکا کے بڑے سرمایہ کاروں نے اپنی گہری دلچسپی ظاہرکی ہے۔ پاکستان نے گلوبل میڈیم نوٹ پروگرام کی رجسٹریشن کے ذریعے پہلی بار پروگرام کی بنیادپرمبنی حکمت عملی اپنائی ہے۔اس پروگرام کے نتیجے میں پاکستان مختصرنوٹس پرکیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھاسکے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل طورپراستعمال میں لاتے ہوئے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں باقاعدہ بنیادوں پربانڈز جاری کرنا چاہتی ہے۔